ملتان : قبرستانوں پر قابض مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ضلعی انتظامیہ کو قبرستانوں کی سرکاری اراضیوں پر قابض مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے ہیں، اس سلسلے میں گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود کی سربراہی میں پاک مائی قبرستان میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔
اس موقع پر پاک مائی قبرستان سے ملحقہ سرکاری اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنادی گئی، اور پختہ تعمیرات کو مسمار کردیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود کی نگرانی میں بھاری مشینری نے آپریشن میں حصہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دیے ہیں۔
قبرستانوں کی اراضیوں پر قبضہ مافیا کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے جس کے بعد بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
اے سی سٹی کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا ایک ایک انچ واگزار کرایا جائے گا۔


















