نوجوانوں کو بدلتے وقت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کریں:سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب

سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ دنیا بڑی تیزی سے کروٹیں بدل رہی ہے جو ہم سے نئے ترجیحات اور نئے اہداف کے حصول کے لیے غیر معمولی حکمت عملی بنانے کا تقاضہ کررہا ہے اور اس حوالے سے ہائیر ایجوکیشن نئی ترجیحات میں اولین حیثیت رکھتی ہے۔
وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اپنے زیر صدارت منعقدہ جنوبی پنجاب کی جامعات کے وائس چانسلرز کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اجلاس میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ، ویمن یونیورسٹی ،ایم این ایس زرعی یونیورسٹی، ایمرسن یونیورسٹی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور، خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے وائس چانسلرز، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن ) عطاء الحق، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم نوجوانوں کو بدلتے وقت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت، کھیل اور علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک جامع روڈمیپ مرتب کریں تاکہ اہداف اور ترجیحات کا واضح تعین کر کے عملدرآمد کو ممکن بنایا جا سکے۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے اجلاس کے شرکاء کو ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام شروع کیے جانے والے پاکستان میں بچوں کے پہلے ڈیجیٹل میگزین روشنی، فروغ پروگرام، ٹرانس ایجوکیشن، سکول ہاکی لیگ ،سکول اولمپکس اور دیگر پراجیکٹس کے حوالے سے آگاہ کیا۔


















