شفاف پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے:اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیر انسانی حقوق و مذہبی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر تحریک انصاف اگلے بلدیاتی الیکشن میں میدان مارے گی اور ن لیگ کا پنجاب سے بھی صفایا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس خطے کی محرومیاں ختم کرنے کے لیے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مکمل فعال ہو چکا ہے جس سے عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا۔
یہ بات انہوں نے تحریک انصاف جنوبی پنجاب وومن ونگ کی جنرل سیکرٹری و کوآرڈینیٹر ہیومن رائٹس جنوبی پنجاب قربان فاطمہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر قربان فاطمہ نے صوبائی وزیر کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا۔صوبائی وزیر نے قربان فاطمہ کی پاکستان تحریک انصاف کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قربان فاطمہ جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف کے لیے شاندار خدمات انجام دے رہی ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے کوشاں ہے ڈیرہ غازی خان میں نئی یونیورسٹی کا قیام اور ملتان میں نشتر ٹو کے منصوبے سے تعلیم اور صحت کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار پورے پنجاب کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں تحریک انصاف اس وقت وفاق کی جماعت ہے جو چاروں صوبوں کی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پنجاب حکومت نے یہ چیلنج قبول کیا ہے اور آنے والا وقت مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے اور ترقی کا دور ہو گا۔


















