ڈی پی او رحیم یار خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ تبادلہ سرکاری ملازمت کا لازمی جزو ہے، اسد سرفراز نے بطور ڈی پی او رحیم یار خان اپنے پیشہ ورانہ فرائض احسن طریقے سے انجام دیئے ۔
یہ بات انہوں نے ڈی پی او رحیم یار خان اسد سرفراز کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد زبیر دریشک اور دیگر افسران بھی اس دوران موجود تھے۔
کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مشکل لمحات بھی درپیش آتے ہیں، تاہم ان سے نبرد آزما ہو کر ہی آفیسر سرخرو ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت میں ہر تعیناتی کا الگ تجربہ ہوتا ہے اور دوران ملازمت بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے ، جس سے فرائض کی ادائیگی میں نکھار آتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے اسد سرفراز کو یادگاری شیلڈ دی، جبکہ ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد زبیر دریشک نے اسد سرفراز کو پھول دیئے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
سٹاف آفیسر ڈی ایس پی محمد رضوان خان بھی اس دوران موجود تھے۔



















