چینی اور آٹے کی کنٹرول ریٹس پر بلاتعطل فراہمی کا حکم جاری

کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے چینی اور آٹے کی کنٹرول ریٹس پر بلاتعطل فراہمی کا حکم جاری کیا ہے ۔
انہوں نے ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز کو چینی کوٹے کے مطابق اضلاع میں شہریوں تک شفاف انداز میں پہنچانے کی ہدایت بھی کی، اور کہا کہ ہول سیل پوائنٹس اور کریانہ سٹورز پر آٹے کے سٹال فعال کئے جائیں جبکہ چینی 90 روپے فی کلو کے حساب سے ہر شہری تک کو میسر ہونی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں منعقدہ پرائس کنٹرول کے سلسلے میں وڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنرز وہاڑی،لودھراں اور خانیوال بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ڈویژن بھر کی منڈیوں میں سپلائی چین کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ مہنگائی کو لگام ڈالی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ چینی اور آٹے فراہمی کی چیکنگ سپیشل برانچ سے کرائی جائے گی اور کسی بھی پوائنت پر عدم دستیابی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کا خود معائنہ کریں کیونکہ حکومت پنجاب کا عوام کو مہنگائی سے بچانے پر خصوصی فوکس ہے۔شہریوں کی آگاہی کیلئےڈپٹی کمشنرز سرکاری ریٹس کو نمایاں مقامات پر آویزاں کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم پر معیار اور کنٹرول ریٹس یقینی بنائے جارہے ہیں ۔ضلع کے بڑے شاپنگ سینٹرز پر ڈی سی کاؤنٹر بھی مکمل فعال کردیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈیوں میں طلب و رسد اور ریٹ میکنزم پر کڑی نظر ہے۔مہنگائی اور قلت میں ملوث مافیا پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ پولڑی سمیت ٹماٹر اور سبزیوں کے ریٹس کسی صورت بڑھنے نہیں دینگے، اس مقصد کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کررہے ہیں۔
قبل ازیں وڈیو لنک میں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔


















