ملتان میں مصنوعی بارش

گزشتہ روز سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں کپاس کی مختلف اقسام پر پڑنے والے موسمی اثرات خصوصاً بارشوں کا مطالعہ کرنے کے لیے مصنوعی بارش کے استعمال کا مظاہرہ کیا گیا ۔
خصوصی ویڈیو ملاحظہ فرمائیں۔
مصنوعی بارشوں کی ٹیکنالوجی کے استعمال کا مقصد بتاتے ہوئے ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ ہم تجرباتی کھیتوں میں لگی کپاس کی مختلف اقسام پر بارشوں سے پڑنے والے مختلف اثرات مثلاً بیج کے اگاﺅ، کپاس کی کوالٹی، کپا س کا کالا پن،روئی کی رنگت اور کپاس کے ٹینڈوں میں پھپھوندی کی بیماری،جڑی بوٹیوں کا اگاﺅ یا کپاس کے کیڑے مکوڑوں پر اس تجربے کی مدد سے ان سب باتوں کا مطالعہ کیا جانا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مصنوعی بارشوں کے تجربات سے ہم کپاس کی مختلف اقسام کی ان خصوصیات کا جائزہ لیں سکیں گے کہ کونسی قسم پر بارشوں سے زیادہ نقصان ہوتا ہے اور کونسی قسم کم متاثر ہوتی ہے یا بارشوں کی صورت میں کپاس کی کونسی قسم زیادہ مزاحمت پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارشوں کے تجربات سے ہم اس قابل ہوسکیں گے کہ ہم کسانوں کو مختلف علاقہ جات کے لئے کپاس کی اقسام کی سفارشات کرسکیں خصوصاً ایسے علاقہ جات جہاں زیادہ بارشوں کی وجہ سے کپاس کی فصل خراب ہوجاتی ہے اور اس کی پیداوار اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ ہم کپاس کے تحقیقی میدان میںنت نئے تجربات کی مدد سے کپاس کے کسانوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور فصل پر پڑنے والے مختلف موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے
مستقبل کی پیش بندی پر پوری طرح عمل پیرا ہیں۔


















