نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں ورلڈ فوڈ ڈے منایا گیا

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس نے سیمینار منعقد کروایا۔ سیمینار کی صدارت رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) اور چیئرمین وولکا فوڈ چودھری ذوالفقار انجم نے کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رئیس جامعہ نے کہا کہ آج خوراک کا عالمی دن ہے جوکہ ہر سال 16اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ اس کا اجراء اقوام متحدہ برائے خوراک و زراعت نے 1945ء میں کیا۔ اس کا بنیادی مقصد بھوک اور خوراک کی کمی کو ختم کرنا ہے۔
انہوں مزید کہا کہ اگر ہم سنتِ نبویؐ پر عمل کریں تو غذا پوری مقدار میں لیتے ہوئے بہت سی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں جوکہ ہر سال خوراک و غذائی زیادتی سے جنم لیتی ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار انجم نے کہا کہ ہماری انڈسٹری نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پیش پیش ہے اور شعوروآگاہی کے لئے مختلف پروگرامز خوراک کے حوالے سے بھی منعقد کرواتے ہیں تاکہ غذائی قلت کو دور کیا جاسکے۔متوازن غذا استعمال کرکے بہت سی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی زمین کو مزید بہتر بناکر خوراک وافر مقدار میں پیدا کی جاسکتی ہے اور خوراک کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے صنعتی ادارے کوشش کررہے ہیں۔ تازہ پھلوں اور سبزیوں کو مختلف اقسام کی اشیاء مصنوعات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں زرعی یونیورسٹی اور وولکا فوڈ مل کر کام بھی کررہے ہیں۔
منور حسین ہارویسٹ پلس کنسلٹنٹ نے کہا کہ ملاوٹ والے کھانے سے دور رہنے کی اشد ضرورت ہے۔ دنیا میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 76فیصد سے بڑھ گئی ہے، اسے کنٹرول کرنے کے لئے تازہ اور صحت مند خوراک کم مقدار میں لینے سے کافی حد تک کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میجر طارق نے کہا کہ نوجوانوں کو اضافی غذائی جیسا کہ فولاد، زنک کا استعمال بڑھانے پر زور دیا۔ مزید کہا کہ لوگوں کو خوراک کے استعمال اور اس کی افادیت کے بارے میں آگاہی کی ضرورت ہے۔
سیف الرحمن، ڈاکٹر عمر فاروق نے بھی ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے بتایا کہ اگر لوگ گھروں اور ہوٹلوں، ر یسٹورنٹ میں خوراک کو مناسب مقدار میں جتنی ضرورت ہو استعمال کریں تو غذائی قلت اور کمی پر قابو بآسانی پایا جاسکتا ہے۔
سیمینار میں ڈاکٹر اشفاق، ڈاکٹر مبشر مہدی، ڈاکٹر شہباز، ڈاکٹر امبرین، ڈاکٹر افشاء شفیع، ٹریژرار محمد رفیق فاروقی سمیت دیگر فیکلٹی و سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


















