ملتان کا پانی سب سے زیادہ آلودہ اورمضر صحت قرار

پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے تحقیقات کے بعد واٹر کوالٹی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ملتان کا پانی پنجاب میں سب سے زیادہ آلودہ پایا گیا ہے، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملتان کے پانی میں آلودگی کی شرح 94 فی صد ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملتان کے پانی میں آرسینک کی مقدار 63 فی صد سے زائد ہے، جب کہ 5 سال میں ملتان کے پانی میں 10 فی صد سے زائد آلودگی میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق بہاولپور کا پانی 76 فی صد آلودہ ہے، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے گوجرانوالہ شہر میں سے پینے کے پانی کے 14 نمونے لیے اور 7 نمونوں میں آلودگی پائی گئی، گوجرانوالہ کے پانی میں آلودگی کی شرح 50 فی صد ہے۔
کونسل نے تجزیے کی بنیاد پر شہر کے کچھ علاقوں کے پانی کو ‘لو رِسک’ اور کچھ کو ‘میڈیم رسک’ قرار دیا، مجموعی طور پر گزشتہ سالوں کی نسبت گوجرانوالا کے پینے کے پانی کے معیار میں بہتری آئی ہے۔


















