وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے خلاف سماعت ملتوی

لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج مسٹر جسٹس مزمل اختر شبیر نے سابقہ پرو وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی کی مدت ختم ہونے کے باوجود وائس چانسلر کی کرسی پر براجمان ہونے کے خلاف درخواست وکلاء دلائل کے لیے سماعت 28 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے حکومت پنجاب کو معاملے پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
قبل ازیں عدالت عالیہ میں پیٹشنر طارق اقبال نے کونسل فخر رضا ملانہ کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود 19 فروری کو تین سال مکمل ہونے پر پرو وائس چانسلر ختم ہو چکے۔ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کی وفات کے بعد ڈاکٹر احمد اعجاز کو بطور وی سی کام کرنے کا کہا گیا، قانون کے مطابق وہ 6 ماہ کے عرصے سے زیادہ کام نہیں کر سکتے ہیں، مگر 8 ماہ سے کام کر رہے ہیں گورنر پنجاب اور حکومت پنجاب نے نیا وی سی تعینات نہیں کیا۔ مبینہ ملی بھگت سے ڈاکٹر احمد اعجاز کو کام جاری رکھنے کی ہدایت غیر قانونی ہے۔ عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ حکومت کو سینئر پروفیسرز میں سے وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم دیا جائے۔


















