سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ کا نشتر اسپتال ملتان کا اچانک دورہ

سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ کا نشتر اسپتال ملتان کا اچانک دورہ، اسپتال میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار اور معیار جبکہ عوامی سہولت مرکز پر آنے والے لوگوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے نشتر اسپتال کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے بروقت مکمل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے آسانی میسر ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ نشتر اسپتال پاکستان کی بڑی علاج گاہوں میں شامل ہے ، جہاں پنجاب کے علاوہ بلوچستان، سندھ اور خبیر پختونخواہ سے بھی مریض علاج معالجہ کے لیے آتے ہیں، اس لیے اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ یہاں آنے والے مریضوں اور ان کے ساتھ آئے لوگوں کو کسی قسم کی شکایت نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر کیا جائے۔ کورونا، ڈینگی اور گیسٹرو سمیت تمام آنے والے مریضوں پر خصوصی توجہ دی جائے، اور یہاں آنے والے کسی بھی مریض سے امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔


















