واپڈا ٹاؤن اور میپکو لازم و ملزوم ہیں، یہ ہمارا منصوبہ ہے:میپکو چیف

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق نے کہا ہے کہ واپڈا ٹاؤن کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور فیز تھری کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔
واپڈا ٹائون اور میپکو لازم و ملزوم ہیں ۔ یہ ہمارا منصوبہ ہے، جسے رہائشیوں کے تعاون سے ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں گے ۔
واپڈا ٹاؤن جنوبی پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ رہائشی کالونی ہے جس میں ہزاروں معزز شہری اور موجودہ وسابقہ واپڈا/میپکو افسران رہائش پذیر ہیں۔
ان رہائشیوں کی سہولت کے لئے واپڈا ٹاؤن کے فیز I اور II میں مساجد ، کمیونٹی ہالز، جمزیم، پلے گرائونڈز، واکنگ ٹریک اور سوئمنگ پولز موجود ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے واپڈا ٹاؤن میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ واپڈا ٹائون فیز III کے قیام کے لئے میپکو اور واپڈا کے سینئرحاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی سفارشات تیارکررہی ہے، جس پر آئندہ حکمت عملی ترتیب دی جائے گی، اور واپڈا /میپکو ملازمین اور عام شہریوں کے اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائیگا۔
واپڈا ٹاؤن فیزI اورفیز II کی کامیابی کے بعد واپڈا ٹاؤن فیزIII کی بنیاد رکھی گئی ، جس میںریکارڈ 22 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔
واپڈا ٹاثئون کمیٹی کے ممبر انجینئرحافظ اشرف علی نے کہا کہ مختلف وجوہات اور نامساعد حالات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے واپڈا ٹاؤن فیزIII کے منصوبے کو بحال کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ، اور مستقبل میں مزید ہزاروں شہریوں اور ملازمین کو ایک بہترین رہائش گاہ فراہم کریں گے جس میں تمام سہولیات دستیاب ہوں گی ۔
کوآرڈی نیٹرانجینئر چوہدری خالد محمودنے منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا ٹاؤن کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال /فعال کرنے کے لئے پُر عزم ہیں اور اپنے اس وعدے پر ثابت قدم رہیں گے ۔ واپڈا ٹاؤن میں پہلے کی طرح بنیادی ضروریات کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ بدعنوانی کو ختم کریں گے اور فنڈز کا جائز استعمال یقینی بنائیں گے ۔ ایک مضبوط ، دیانتدار اور ایماندار مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دیں گے جو واپڈا ٹاؤن کے تمام فیزز کے رہائشیوں کو بلاامتیاز بنیادی سہولیات فراہم کرے گی ۔
واپڈا ٹاؤن کے رہائشی بلاکس میں زیر التواء ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے اور واپڈا ٹائون کی سیکیورٹی اور سیفٹی کو ہر حوالے سے یقینی بنائیں گے ۔
واپڈا ٹاؤن فیزIII کی بہتری کے لئے اس کی رجسٹریشن اور قرعہ اندازی کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق سرانجام دیں گے، اور دوسرے فیزز کے مقابل فیزIII کے معیار اورترقی کو مدنظر رکھنا ہماراعہد ہے اور ہم پوری طرح اس کے لئے پُر عزم ہیں ۔
واپڈا ٹاؤن کے مختلف بلاکس کے رہائشیوں معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر خلیل گِل، تاجر رہنما خواجہ عبدالحکیم اور دیگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سالوں سے واپڈا ٹاؤن میں رہائش پذیر ہیں جہاں تمام سہولیات ایک جگہ دستیاب ہیں ۔میپکو افسران پر مشتمل سابق انتظامیہ نے پُرسکون رہائش کے ساتھ ساتھ تمام بنیادی سہولیات بھی مہیا کی ہیں ۔
ہم دُعاگوہیں کہ واپڈا ٹائون فیز IIIجلد شروع ہو اور اس کے قیام کے لئے ہر ممکن سپورٹ کرتے رہیں گے ۔
ممبر کمیٹی انجینئر امجد نوازبھٹی نے کہا کہ ای بلاک کے رہائشیوں کو ایم اے جناح روڈ سے منسلک کریں گے اور انہیں دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ بجلی کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنائیں گے ۔
میپکو انتظامیہ اورکمیٹی تیزی سے نئی مینجمنٹ کمیٹی کے انتخاب کے لئے سرگرم عمل ہے جو اپنے قیام کے فوراََ بعد واپڈا ٹائون فیز IIIکا آغاز کرے گی اور میپکو/واپڈا ملازمین کو بہترین رہائش فراہم کریں گے ۔
تقریب میں بڑی تعداد میں میپکو /واپڈا ملازمین و افسران اورواپڈا ٹائون فیز IاورفیزII کے سینکڑوں رہائشیوں نے اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کی ۔


















