معاشرتی ناہمواریوں کو ختم کرنے کے لیے انصاف کا بول بالا کرنا ضروری ہے:آر پی او ملتان

ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا ہے کہ معاشرتی ناہمواریوں کو ختم کرنے کے لیے انصاف کا بول بالا کرنا نہایت ضروری ہے پولیس کا کام لوگوں کو انصاف دلانا اور جان ومال کو تحفظ دینا ہے ۔
یہ بات انہوں نے ڈی پی او آفس خانیوال میں منعقدہ کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے احکامات جاری کرتے ہوئے کہی ۔
اس موقع پر ڈی پی او سید ندیم عباس بھی موجود تھے ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ کھلی کچہری لوگوں کی اعلی افسران تک آسان رسائی کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے علاوہ بھی پولیس افسران کے دروازے عوام کے لیے دفتری اوقات میں کھلے ہیں جہاں کوئی بھی سائل بلا جھجک اور سفارش اپنی درخواست پیش کر سکتا ہے تاہم کھلی کچہری کا انعقاد لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کاذریعہ ہے انہوں نے لوگوں کی درخواستوں کی سماعت کی اور پولیس افسران کو ضروری کارروائی کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔
بعد ازاں ڈی پی او آفس میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ریجنل پولیس آفیسر نے ضلع خانیوال میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی نوعیت اور رحجان اور ان جرائم پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں ۔
ڈی پی او سید ندیم عباس نے اس حوالہ سے بریفنگ دی اجلاس میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی انفرادی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا ۔
ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے ہدایت کی کہ افراد کے خلاف جرائم کے اشتہاریوں کو گرفتار کرنے،مویشی چوری روکنے ، ڈکیتی میں ملوث جرائم پیشہ گروہوں کی گرفتاری کیلئے مہم چلائی جائے نقب زنی اور گاڑیوں موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث گروہوں بھی گرفتار کیا جائےاور خانیوال ضلع کی حدود میں موٹروے جیسی اہم شاہراہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری کے لیے فوری اقدامات کریں۔



















