کسانوں کو لیزر لینڈ لیولرز کی سبسڈی ریٹس پر فراہمی کا آغاز

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے تحت زرعی پیدوار میں اضافے کیلئے کسانوں کو لیزر لینڈ لیولرز کی سبسڈی ریٹس پر فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی سربراہی میں قرعہ اندازی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں 65 لینڈ لیزر لیولرز جیتنے والے خوش نصیب کسانوں کا بذریعہ قرعہ اندازی اعلان کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آن فارم واٹر منیجمنٹ اعجاز احمد گل بھی ہمراہ تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب ان کسانوں کو فی یونٹ ڈھائی لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی جو کہ مارکیٹ کی قیمت کا 50 فی صد ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک کا کسان خوشحال ہوگا اسکی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا اسی وژن کے تحت وزیراعظم عمران خان کی زرعی پالیسی کے تحت حکومت پنجاب نے سبسڈی ریٹس پر زرعی آلات کی کسانوں کو فراہمی کا آغاز کررکھا ہے تاکہ زرعی شعبے میں انقلاب لایا جاسکے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے جعلی کھاد اور ناقص زرعی ادویات کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے اب تک ضلع مین کروڑوں روپے کی جعلی کھاد پکڑی جاچکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسانوں کو مراعات اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے قرعہ اندازی میں کامیاب کسانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے لیزر لینڈ لیولرز بھی تقسیم کئے۔


















