Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

اے پلس، اے اور بی کیٹگری سکولوں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں حفاظتی اقدامات کے معائنے میں پائی جانے والی مبینہ غفلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز (ڈی ای اے) کے سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اے پلس، اے اور بی کیٹگری کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں حفاظتی ایس او پیز کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر معائنے یقینی بنائیں۔

اس حوالے سے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل (مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن) رانا عبدالق یوم خان کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسکولوں کی سیکیورٹی کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا بچوں، اساتذہ اور سکول عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کے روزانہ اسکول دورے ناگزیر ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے قبل مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔

مراسلے میں اس امر کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ ضلعی سطح پر نجی اسکولوں کے حفاظتی معائنے میں مطلوبہ باقاعدگی نہیں برتی جا رہی، جو کہ تشویشناک امر ہے۔ اس صورتحال کے تدارک کے لیے ڈی ای اے افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کیے گئے حفاظتی معائنے، اس پر عملدرآمد اور درپیش خامیوں کی تفصیلی رپورٹ گوگل فارم کے ذریعے متعلقہ حکام کو ارسال کریں، جیسا کہ محکمہ تعلیم کے دیگر روزمرہ امور میں رپورٹنگ کا طریقہ کار رائج ہے۔

خط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اسکولوں کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات کو "سب سے زیادہ ترجیح” دی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکام کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ یہ ہدایات سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، اسپیشل سیکرٹری (آپریشنز) اور ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) کے دفاتر کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ صوبائی سطح پر نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button