زائد فیس وصول کرنے والے نجی سکولز کیخلاف کارروائی کا آغاز
ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے زائد فیس وصول کرنے والے نجی سکولز کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے گورنمنٹ فیس شیڈول کی خلاف ورزی پر 3 سکولز کو بھاری جرمانے عائد کردیے، جبکہ محکمہ تعلیم کو ضلع کے تمام نجی سکولز کی انسپکشن کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی صدارت میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی رجسٹریشن اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں نجی سکولز کے خلاف درخواستوں پر فیصلے کیے گئے۔سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان امختلف کیسز پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر 5 فی صد سالانہ سے زائد فیس بڑھانے پر سکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔سکول انتظامیہ صرف ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کی اجازت سے ہی فیس میں اضافہ کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زائد فیس وصول کرنے والے سکول مالکان سے ریکوری کرینگے اور والدین کو ریلیف دینگے۔
عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام نجی سکولز 10 فی صد بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے پابند ہیں۔کل سٹوڈنٹس کی تعداد کے 10 فی صد بچوں کو مفت تعلیم نہ دینے پر سکول رجسٹریشن کینسل ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر شہر کی مختلف سکول برانچز کو زائد فیس وصول کرنے پر جرمانے عائد کرنے کی منظوری بھی دی۔