ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب لائبریری باغ لانگے خان پہنچ گئے

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفرنے جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی لائبریری باغ لانگے خان کا دورہ کیا۔
سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب ثاقب منان بھی انکے ہمراہ تھے۔
لائبریری کے سیکرٹری جنرل ریٹائر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاشق محمد خان درانی نے ان کا استقبال کیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب اور سیکرٹری آثار قدیمہ نے لائبریری کے مختلف بلاکس اور مخطوطات دیکھے، نایاب تصاویر پر مشتمل تحریک پاکستان گیلری کا وزٹ کیا، اور شاہجہاں کے دور 1641 میں تعمیر کی گئی لائبریری میں موجود تاریخی عمارت کا معائنہ بھی کیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتابیں علم و حکمت کا خزانہ ہوتی ہیں، اور شعور اور ادراک کی دولت قوموں کو کتابوں کے خزانے سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائبریری معاشرے کا وہ حصہ ہے جہاں مستقبل کی نشونما ہوتی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ ہر طالبعلم کتاب نہیں خرید سکتا لیکن اسے لائبریری سے بہترین کتابیں میسر آجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ادیان کے تقابلی جائزے اور مختلف علوم میں پی ایچ ڈی کے لئے سکالر اس لائبریری کا انتخاب کرتے ہیں۔
کیپٹن ر ثاقب ظفر نے علمی اور ادبی خدمات پر پروفیسر ڈاکٹر عاشق محمد خان درانی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جنوبی پنجاب میں موجود علمی، ادبی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب ثاقب منان نے کہا کہ حکومت پنجاب تاریخی ورثے کے تحفظ کے لئے صوبہ بھر میں مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر عاشق محمد خان درانی نے اس موقع پر بتایا کہ باغ لانگے خان لائبریری162سال قبل قائم کی گئی تھی۔یہ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی لائبریری جو کہ ایک لاکھ نادر کتب کا خزانہ سنبھالے ہوئے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قرآن مجید کے درجنوں قلمی نسخے لائبریری کی زینت ہیں اور ہاتھ سے لکھی گئی ہندو مذہب بارے سنسکرت اور سکھ مذہب کی گُر مکھی زبان کی سینکڑوں کتابیں بھی لائبریری کا حصہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں ہر شعبے سے متعلق نایاب کتب موجود ہیں۔
ڈاکٹر عاشق درانی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب اور سیکرٹری آثار قدیمہ کو مختلف کتابیں پر مشتمل تحفہ پیش کیا۔



















