چوری شدہ گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے خریداروں کو بھی گرفتار کیا جائےگا

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کے حکم پر گزشتہ روز اے آئی جی ڈسپلن لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عمران شوکت نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں گاڑیوں موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، یہ ہ بات انہوں نے ایس پی لیگل حاکم خان نول کے ہمراہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے سی آئی اے انچارج اور انٹی وہیکل لفٹنگ انچارج کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔
اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں انٹی وہیکل سیل کو فعال کیا جائے، اور پیشہ وارانہ گاڑی اور موثر سائیکل چوروں اور ان کے مددگاروں کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید طرز پر تحقیقات کر کے چوری شدہ گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے خریداروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔
اے آئی جی ڈسپلن نے کہا ریکارڈ یافتہ ملزمان کو بھی گرفتار کر کے ان سے پوچھ گچھ کی جائے اور چوری شدہ گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کا سراغ لگایا جائے۔
لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عمران شوکت نے کہا کہ بین الاضلاعی راستوں پر بامقصد ناکہ بندی کی جائے اور اشتہارات کے ذریعے عوام کوآگاہی دی جائے کہ گاڑی،موٹر سائیکل کو محفوظ جگہ پر کھڑا کیا جائے اور لاک بھی کیا جائے۔
اس سلسلے میں انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل اسٹینڈز پر خصوصاً آگاہی اشتہارات آویزاں کیے جائیں۔
مزید برآں تمام انچارج نے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت وہیکلز چوری کی وارداتوں میں واضح کمی آئی ہے ۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر لودھراں مسعود الحق اور انچارج آپریشنز برانچ انسپکٹر جاوید بھی موجود تھے۔


















