Paid ad
Breaking Newsتازہ ترینجرائم کی دنیا

رمضان المبارک کے دوران حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے: ڈاکٹر احسان صادق

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے، اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے محفوظ رہنے کے لیے تمام حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کا اہتمام کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب کے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران خطے کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حساس اداروں اور سی ٹی ڈی سے رابطہ میں رہ کر حفاظتی پلان ترتیب دیں۔

پولیس کا مورال بلند رکھیں، اور ملک دشمن امن دشمن قوتوں کے خلاف سینہ سپر ہو جائیں ۔

ریجنل پولیس آفیسر ملتان جاوید اکبر ریاض، سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر، اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت، اے آئی جی انویسٹی گیشن رانا محمد اشرف نے اجلاس میں شرکت کی۔

ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد وقاص نذیر اور جنوبی پنجاب کے ڈی پی اوز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے کہا کہ ماہ رمضان میں پولیس کو زیادہ مستعدی سے فرائض انجام دینا ہیں۔

سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں خصوصی حفاظتی فرائض کے ساتھ معمول کی ذمہ داریاں بھی انجام دینا ہیں۔

اس دوران یقیناً کام کا بوجھ بڑھ جائیگا، تاہم پیشہ ورانہ تربیت کے بہترین استعمال سے ماہ مقدس کی ذمہ داریوں سے عہدہ برآں ہوں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس آرڈر 2002 کے تحت سی پی ایل سی اور مصالحتی کمیٹیوں کو تشکیل دے کر فعال کیا جائے، جو شہریوں کے مختلف نوعیت کے مسائل کو حل کر کے پولیس پر کام کا بوجھ کم کرنے میں معاونت کریں تاکہ پولیس امن و امان سمیت اپنی دیگر ذمہ داریوں کو مزید بہتر طریقہ سے انجام دینے پر توجہ مرکوز کر سکے ۔

ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ کوہ سلیمان اور کچے کے علاقوں میں متحرک لادی اور اندھڑ گینگز کو انجام تک پہنچانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں، اسی طرح مختلف علاقوں میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کی بھی سرکوبی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کی حفاظت میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے سٹریٹ کرائم کے خاتمہ کے لیے خصوصی دستے تشکیل دیں گشت اور دوسرے طریقوں سے لوگوں میں احساس تحفظ کو اجاگر کیا جائے۔

پولیس حراست کے دوران کسی ملزم کی ہلاکت یا حراست سے فرار کسی صورت قابل معافی نہیں، اس کا ہر صورت تدارک کریں ۔

گینگ ریپ اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کے تدارک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائیں، اور ان کیسز میں کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مجرموں کو انجام تک پہنچائیں، اور ایسے مقدمات کی تفتیش کی براہ راست نگرانی کریں تاکہ تفتیش کا کوئی پہلو پوشیدہ نہ رہے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا ملے ۔

ٹریفک حادثات میں کمی کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں، اور کم عمر ڈرائیورز کے گاڑی موٹر سائیکل چلانے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
ہیلمٹ کے استعمال کی پابندی پر عمل درآمد کرایا جائے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹراحسان صادق نے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب کے تینوں پولیس ریجن میں رینج ریزرو قائم کر کے انہیں فعال کیا جائے ، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریجنل پولیس آفیسر کے احکامات کے تحت ریسکیو سمیت امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button