ایڈیشنل سیکرٹری فنانس نے فائل دبالی، اساتذہ کو تنخواہیں نہ مل سکیں

محکمہ سکولز ملتان کے اساتذہ کو تاحال دسمبر کی تنخواہ نہ مل سکی، جس کی وجہ پہلے پنجاب بینک کے سافٹ ویئر میں خرابی اور بعد ازں شارٹ فال بتایا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر میں انکریمنٹ لگتی ہے ، جس کی وجہ سے تنخواہوں کا حجم بڑھ جاتا ہے۔
مگر فنانس ڈیپارٹمنٹ کے لوگوں نے سابق ماہ کی تنخواہیں تیار کرکے بینکوں میں بھیج دیں، جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کی تنخواہیں جاری ہی نہیں ہوسکیں ، اس بارے میں فنانس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کیاگیا مگر کوئی شنوائی نہ ہوسکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ایڈیشنل سیکرٹری نے فائل روکی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ادائیگوں کا مسئلہ آرہا ہے اور اساتذہ کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔
اس بارے میں سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان کا کہنا ہے کہ تمام صورتحال اعلیٰ حکام کے نوٹس میں دے دی ہے ، فنانس ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو بھی آگاہ کردیا ہے، انہوں نے ایک دوروز میں یہ مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔
یہ اساتذہ کااہم ایشو ہے جس کےلئے لاہور جاکر زیر بحث لایا گیا ہے، امید ہے آئندہ ہفتے کے شروع میں تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔



















