ایف ایل فوٹی انٹر سکول چیمپئن شپ: گورنمنٹ ہائی سکول بھینی نے نشاط سکول کو ہرا کر چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شجرکاری مہم کا بھرپور انداز میں آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں تمام محکموں کو شجرکاری کا ٹاسک دے دیا گیا ہے تاکہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رو سپورٹس جمنیزیم کے دورے کے موقع پر پودا لگاتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اخلاق احمد،ڈویڑنل سپورٹس افیسر رانا ندیم انجم ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد فاروق اور سیکرٹری اے ایف ایل پنجاب جمیل کامران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر جدید سکوائش کورٹ منصوبے کا بھی دورہ کیا اور بریفنگ لی ،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ سپورٹس جمنیزیم کو مثالی بناکر انڈور گیمز کو فروغ دینگے جبکہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے سپورٹس کیلنڈر بھی تشکیل دیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ سپورٹس سمیت تمام محکمے شجرکاری کے اہداف پورے کرینگے۔
اب تک کی مہم میں ضلع ملتان نمایاں پوزیشن پر ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اے ایف ایل فوٹی انٹر سکول چیمپئن شپ کے فائنل میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اور فاتحین میں انعامات تقسیم کئے۔
ٹورنامنٹ میں 8سکولوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔جس میں سے نشاط پبلک سکول۔مسلم ہائی سکول۔رفاہ عام سکول۔اور گورنمنٹ ہائی سکول بھینی نے حصہ لیا۔
فائنل میچ میں گورنمنٹ ہائی سکول بھینی نے نشاط سکول کو ہرا کر چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا۔



















