علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے گریجویٹ کے لئے خوشخبری

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد سے حاصل کردہ بیچلر آف ایجوکیشن (بی ایڈ) ڈیڑھ سالہ ڈگری کو مساوی قرار دینے سے متعلق وضاحت جاری کر دی ہے۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کا چارٹرڈ ڈگری ایوارڈنگ ادارہ ہے اور اس کے تحت دیا جانے والا ڈیڑھ سالہ پروگرام مخصوص شرائط کے ساتھ تسلیم شدہ ہے، اگر کسی امیدوار نے پہلے 16 سالہ غیر متعلقہ تعلیمی قابلیت حاصل کی ہو اور اس کے بعد ڈیڑھ سالہ کی ڈگری مکمل کی ہو تو اسے روایتی ایم اے ایجوکیشن یا ایم ایڈ کے مساوی تصور کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 16 سالہ تعلیم شامل ہوتی ہے۔
ایچ ای سی کے اس خط میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی امیدوار کو آئندہ تعلیم میں داخلہ دینے یا ملازمت کے لیے موزونیت کا فیصلہ متعلقہ یونیورسٹی یا تقرری کرنے والے ادارے کی صوابدید ہوگا، جبکہ ایچ ای سی ان معاملات میں براہِ راست کردار ادا نہیں کرے گا۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق ایچ ای سی کی اس وضاحت سے ایسے طلبہ اور اساتذہ کو رہنمائی ملے گی، جنہوں نے اوپن یونیورسٹی سے بی ایڈ (1.5 سالہ) پروگرام مکمل کیا ہے۔

















