آل پاکستان انٹر بورڈز جمناسٹک چیمپئن شپ 2026 ملتان بورڈ نے جیت لی

آل پاکستان انٹربورڈز جمناسٹک چیمپئن شپ 2026 ملتان بورڈ کے سپورٹس گرونڈ میں منعقد ہوئی، جس میں ملتان بورڈ ،لاہوربورڈ ،فیصل آباد بورڈ، پشاور بورڈ اور سوات بورڈ کی ٹیموں نے شرکت کی۔
ملتان بورڈ نے چوتھی بار اپنی چیمپین شپ کادفاع کیا اور آل پاکستان انٹربورڈز جمناسٹک چیمپین شپ اپنے نام کی۔
اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمپیوٹر اینالسٹ قاضی موجیب الرحمن اور سپورٹس انچارج ملک نثار احمد تعلیمی بورڈ ملتان تھے، قاضی مجیب الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ جمناسٹک جسمانی صحت کے لیے نہایت مفید کھیل ہے جو جسم کو مضبوط، لچکدار اور متوازن بناتا ہے، اس سے پٹھوں میں طاقت، پھرتی اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
باقاعدہ جمناسٹک ذہنی یکسوئی، نظم و ضبط اور خود اعتمادی کو بھی فروغ دیتی ہے۔
اس کے بعد ملک نثار احمد نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ آل پاکستان انٹربورڈز جمناسٹک چیمپین شپ میں تعلیمی بورڈ ملتان کی شاندار کامیابی قابلِ فخر ہے۔ ملتان بورڈ کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے اپنی محنت، نظم و ضبط اور غیر معمولی کارکردگی کے ذریعے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا کہ ملتان کھیلوں کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان بورڈ کا چوتھی مرتبہ آل پاکستان انٹربورڈز جمناسٹک چیمپین بننا نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ کوچز، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آنے والی نسلوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مقرر نے فاتح ٹیم ملتان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس شاندار فتح نے پورے خطے کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی بورڈ ملتان مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھے گا تاکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکیں۔
آخر میں انہوں نے ٹیم ملتان کے کھلاڑیوں کو انعامات دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ملتان بورڈ آئندہ بھی اپنی روایتی برتری برقرار رکھتے ہوئے کھیلوں کے میدان میں کامیابیوں کا تسلسل قائم رکھےگا۔
اس موقع پر نعیم اللہ خان ، شیخ عمران حسین ، محمد الیاس نوناری، مجید خان منیس، ملک رمضان، شوکت کھوکھر، نذر خان منیس نوکر حسین اوردیگر بھی موجود تھے۔




















