آل پاکستان انٹر بورڈ ہینڈ بال چیمپیئن شپ 2026 ملتان بورڈ نے جیت لی

آل پاکستان انٹر ہینڈ بال چیمپین شپ کے فائنل میچ تعلیمی بورڈ ملتان کے سپورٹس گراؤنڈ میں منعقدہوا فائنل میچ ملتان بورڈ اور لاہور بورڈ کے درمیان تھا، سخت مقابلہ کے بعد ملتان بورڈ نے جیت لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان خرم شہزاد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاتح ٹیم ملتان بورڈ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے لاہور بورڈ کی ٹیم کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور اصل کامیابی کھیلوں کے میدان میں مثبت رویہ اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی بورڈ ملتان کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ایسے مقابلوں کا انعقاد مستقبل میں بھی ہوتا رہے گا
آخر میں انہوں نے منتظمین، آفیشلز اور شائقینِ کھیل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے چیمپین شپ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
سپورٹس انچارج ملتان بورڈ ملک نثار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آل پاکستان انٹر ہینڈ بال چیمپین شپ کا فائنل میچ تعلیمی بورڈ ملتان کے سپورٹس گراؤنڈ میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ملتان بورڈ اور لاہور بورڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان بورڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ آج کا میچ نہ صرف کھیل کے اعلیٰ معیار کا عکاس تھا بلکہ کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا عملی ثبوت بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان بورڈ کی ٹیم نے جذبۂ ایمانی، باہمی تعاون اور بھرپور محنت سے کامیابی حاصل کی جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
ملک نثار احمد نے لاہور بورڈ کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آخر تک بھرپور مقابلہ کیا اور کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور قومی سطح پر کھیلوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔




















