آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا احتجاج ، روڈ بلاک

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیراہتمام مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد کی کال پر میپکو ریجن کے تمام سرکلز میں نج کاری کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔
میپکو ہیڈکوارٹر ملتان کے باہر خانیوال روڈ پر زیر قیادت ریجنل چیئرمین چوہدری غلام رسول گجر کے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔
ریجنل چیئرمین میپکو چوہدری غلام رسول گجر نے کہا ہم وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ محنت کشوں اور غریب عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے بنیادی ضروریات کی اشیاء کی قیمتوں کو کم کرکے منجمد کریں۔
ناجائز منافع خوروں کا احتساب کریں۔میپکو ریجن میں تمام غیر مستقل ملازمین کو مستقل کیا جائے،جنگی بنیادوں پر نئی بھرتیاں کی جائیں۔
ہوشربا مہنگائی میں ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔
ریجنل چیئرمین ریونیو شکیل بلوچ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پاور کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو اور دیگر اعلیٰ عہدیدار نجی شعبے سے لئے جا رہے ہیں حکومت ہوش کے ناخن لے۔کراچی الیکٹرک آپ کے سامنے وہ مثال ہے جو آج تک صارفین کو سستی بجلی اور اچھی و معیاری سروس دینے سے قاصر ہے۔
چودھری محمود نے کہا کہ ہم حکومت وقت کو متنبہ کرتے ہیں کہ نجکاری کے حوالے سے کسی بھی قدم کو اٹھانے سے پہلے سوچ لیں کہ یہ ملازمین کے خون پسینے، محنت سے چلنے والی کمپنیاں ہیں اور ان کو بچانے کیلئے ملازمین کسی بھی حد تک جائیں گے۔
زونل چیئرمین ملتان چودھری خالد نے کہا کہ بجلی عوام اور ملک کی صنعت اور تجارت کی بنیادی ضرورت ہے،آئی ایم ایف کے دباؤ پر بجلی کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے بجائے اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔
رانا محمد انور زونل چیئرمین جی ایس سی اور زونل سیکرٹری ملتان راشد یامین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ملازمین کو کام پر اسٹاف کی سالہا سال سے بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے آئے دن لائن سٹاف کے حادثات سے روکنے کے لیے فوری بھرتی اور انہیں بجلی کی چوری روکنے اور اس کی واجبات کی وصولی کے دوران غنڈہ گرد عناصر سے تحفظ کے لیے مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
زونل چیئرمین جی ایس او طارق صدیقی،زونل سیکرٹری خانیوال حاجی نذیر اعوان نے کہا مٹیریل کی خریداری فوری کی جائے، تاکہ ریونیو کے حالات مزید بہتر ہوں،ریاست مدینہ کی مثال دینے والے حکمران آج ملازمین کو بیروزگار کرنے کے درپے ہیں۔
ریجنل سیکرٹری ریونیو ذیشان پیرزادہ ، رانا سلیم تاج نے کہا جن حکمرانوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا آج وہ ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کے درپے ہیں۔ ہم کسی بھی صورت میں نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔
مظاہرے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ محنت کشوں سے باہمی مذاکرات کرکے ان کے جائزمسائل حل کروائیں،ورنہ ملازمین اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
احتجاج میں عاطف خان،چوہدری یونس، عنصر عباس، عمران بشیر، آغا حسین ،بابر ملک، مسعود علوی، رانا شاہد، چوہدری اظہر، الیاس جٹ،چوہدری شفاقت ،میاں عزیز الرحمان، شیخ شہباز، عارف ذکی، میاں علیم، رانا نواز، شاہد رضا، محمد شہزاد، رانا عمران، رانا امجد، چوہدری مقصود، چوہدری سلیم، الطاف حسین، مظہر اقبال بھٹی،راؤ اسلم، مجاہد اعوان، عبدالواحد ہاشمی، نعیم شاہ، عاشق ڈوگر، عشرت علوی، رانا برہان،سعید سیال،ارسلان انور، چوہدری راشد، عادل ملک، فیاض راں، انوار گجر ، ساجد علوی،عقیل زاہد ، فرحان ملغانی، راؤ اقبال، عمران گجر سمیت میپکو ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔



















