سنتھیا رچی کو بھارتی شہریوں نےبےہوش کیا

امریکی نژاد سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ دو بھارتی شہریوں نے انھیں نشہ آور چیز دی تھی۔
اسلام آباد میں ایک فلیٹ میں مقیم امریکی نژاد فلم ساز اور بلاگر سنتھیا رچی نے ہوش میں آنے کے بعد پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔
سنتھیا نے بتایا دو بھارتی شہری ان کے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انھوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کام نہ کروں، اس کے بعد بھارتی شہریوں نے انھیں کوئی نشہ آور چیز دی۔
پولی کلینک کے حکام کاکہناہ کہ سنتھیا رچی کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، انھیں آج دوپہر بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سنتھیا کی حالت تسلی بخش ہے تاہم غنودگی طاری ہے۔
ذرائع پولی کلینک کے مطابق ڈاکٹرز کی تجویز پر سنتھیا رچی کے ابتدائی ٹیسٹ کر لیےگئے ہیں، ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر گھر بھجوانے کا فیصلہ ہوگا، ڈاکٹرز نے سنتھیا کی ٹاکسیکالوجی Toxicology کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا، جس میں زہر کی تصدیق کی جائے گی، اس مقصد کے لیے ڈاکٹرز نے سیمپلز بھی حاصل کیے، جو فرانزک ایجنسی لاہور بھجوائے جائیں گے۔
قبل ازیں،امریکی نژاد سنتھیا ڈان رچی اپنے فلیٹ میں بے ہوش پائی گئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ ان کو ہمسائے نے فلیٹ میں بے ہوش پایا، اور انھیں اسپتال پہنچایا۔



















