آئی ایم ایس ایلومینائی کی سالانہ تقریب

بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں منیجمنٹ سائنسز کا بہت اہم کردار ہے۔ اور منیجمنٹ سائنسز سے وابستہ طلبہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے معیشت کو مضبوط کریں۔
بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے شعبہ آئی ایم ایس ایلومینائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے مزید کہاکہ دنیا بھر میں منیجمنٹ سائنسز ایک خاص اہمیت کا شعبہ تصور کیاجاتا ہے اور منیجمنٹ سائنسز کے طلباء مارکیٹنگ ، ,سیلز ، ہیومن ریسورس اور انڈسٹر ی سمیت دیگر معاشی شعبہ جات میں اپنا کردار ادا کرکے ملک کی معیشت کو مضبوط و مستحکم کرسکتے ہیں۔اور مجھے فخر ہے کہ زکریایونیورسٹی ملتان کے منیجمنٹ سائنسز کے فارغ التحصیل طلبہ ان شعبہ جات میں اپنا نام روشن کررہے ہیں جو ادارہ کے لیے باعث مسرت ہے۔
ڈائریکٹر شعبہ آئی ایم ایس ڈاکٹر نعمان عباسی نے کہاکہ شعبہ ہمارے طلباء کی پہچان ہے ۔ اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم مارکیٹ میں اپنے قابل طلباء بھیج رہے ہیں ۔ جنہوں نے ثابت کیا کہ وہ پرفارم کرسکتے ہیں۔
تقریب سے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حیات محمد اعوان نے بھی خطاب کیا اور آئی ایم ایس کے طلباء کی کاکردگی کو بے حد سراہا۔
تقریب میں ڈاکٹر حسن بچہ ، ڈاکٹر محمد رضوان ، ڈاکٹر روما ، پروفیسر لیاقت جاوید ، پروفیسر فرحان میر، ڈاکٹر جویریہ عباس ، ڈاکٹر محمد زبیر، شیخ ندیم اور ایلومینائی کے صدر شیخ ثاقب رحیم و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
جبکہ شعبہ سے فارغ التحصیل طلبہ کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں شیلڈز تقسیم کیں۔


















