زکریا یونیورسٹی ملتان میں ایچ سی سی فیز II اسکالرشپس کے لیے درخواستیں طلب کرلی گئیں

زکریا یونیورسٹی، ملتان میں زیرِ تعلیم مستحق طلباء کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے 2025 فیز II پر مبنی اسکالرشپس کے حصول کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسکالرشپ کے لیے درخواست فارم متعلقہ محکمہ سے حاصل کیا جا سکتا ہے یا یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے، تاہم واضح کیا گیا ہے کہ صرف اپ ڈیٹ شدہ فارم ہی قابلِ قبول ہوگا، پرانے فارمیٹ پر جمع کرائی گئی درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی۔
طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ مکمل طور پر پُر شدہ فارم تمام مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ اسی محکمہ میں جمع کروائیں جہاں وہ داخل ہیں۔درخواست کے ساتھ آخری سمسٹر کے نتائج کارڈکا تصدیق شدہ نتیجہ کارڈ، ادا شدہ فیس واؤچر کی کاپی، آمدنی کا سرٹیفیکیٹ یا حلف نامہ (یا سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کی صورت میں کمپیوٹرائزڈ سیلری سلپ)، درخواست گزار، والد اور والدہ کے قومی شناختی کارڈز، یتیم طلبہ کی صورت میں والد کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ، گزشتہ ماہ کا یوٹیلیٹی بل، گھر کے اندر یا سامنے کی تصویر، خاندان کے تمام افراد کی تفصیل اور ماہانہ اخراجات کی درست معلومات منسلک کرنا لازم ہے۔
اسکالرشپ سیل/اسٹوڈنٹ فنانشل ایڈ آفس کے مطابق درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2026 مقرر ہے، جبکہ نامکمل یا مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں بغیر کسی نوٹس کے مسترد کر دی جائیں گی۔




















