’’متحد ہو جاؤ تبدیلی کےلئے‘‘ کی تقریبات ویمن یونیورسٹی میں شروع
ویمن یونیورسٹی ملتان میں آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن(اپوا) کے زیر اہتمام خواتین کو با اختیار بنانے اور آگاہی فراہم کےلئے سرگرمیاں شروع ہوگئیں جو 16روز تک جاری رہیں گی۔ ان سرگرمیوں کو’’متحد ہو جاؤ تبدیلی کےلئے‘‘ کا نام دیاگیا ہے۔
اس سلسلے افتتاحی سیمینار منعقد ہوا، جس کا عنوان’’خواتین کے حقوق کے بارے میں قوانین ‘‘ تھا، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ویمن ایمپاورمنٹ اور خواتین کے خلاف منفی معاشرتی رویوں کے خاتمے کے لئے ہمیں ملکر کام کرنا ہو گا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لئے مہم کے سا تھ اظہار یکجہتی تھا، خواتین کے روایتی کردار، مسائل اور معاشرتی رویوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بااختیار خواتین کے کردار کے لئے ذمہ داری سے تعلیم حاصل کریں ہم خواتین دوست معاشرہ کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ، خواتین کی فلاح میں خاندان کی فلاح ہے اور خاندان کی فلاح میں معاشرے کی اصلاح ہے۔
اپوا کی مرکزی رہنما فرح فیصل نے اس موقع پر بتایا کہ یہ سرگرمیاں 16 تک جاری رہیں گی، جس میں
خواتین کے حقوق اور با اختیار بنانے بارے میں آگاہی دی جائے گی، مہم کے تحت مختلف شعبوں میں آگاہی سیمیناروں کا انعقاد کیا جائے گا، مہم کے دوران دستاویزی فلموں کے علاوہ آرٹ کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان، ڈاکٹر عدیلہ سعید نے کہا کہ خواتین اپنے آپ کو اسی وقت مضبوط کر سکتی ہیں جب وہ اپنے حقوق سے آگاہ ہوں گی، عورت کی حیثیت ایک شمع کی سی ہے جو معاشرتی تعمیر وترقی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے، اس موقع پر دیگر شعبہ جات کی چیئرپرسنز بھی موجود تھیں۔