سپیشل بچوں کےلئے شعوری مہم شروع کرنے کافیصلہ
ڈسڑکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد نے کہا ہے کہ خصوصی بچے ہمارا سرمایہ ہیں، ان کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی شعوری بیداری کو فروغ دیا جائے تاکہ والدین ایسے بچوں کو بوجھ سمجھنے کی بجائے ان کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے گورنمنٹ سپشل ایجوکیشن کے اداروں میں داخل کروائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سپیشل ایجوکیشن ملتان ڈویژن کے اداروں کے سربراہان کے ماہانہ جائزہ اجلاس سے صدارتی خطاب میں کیا۔
ڈسڑکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد نے کہا کہ اس وقت ملتان ڈویژن میں سپیشل ایجوکیشن کے 32 ادارے کام کررہے ہیں ، جن میں ایک کالج بھی شامل ہے ۔
ان اداروں میں مجموعی طور پر پانچ ہزار خصوصی بچے زیرِ تعلیم ہیں ، جہاں حکومت پنجاب کی جانب سے انہیں فری تعلیم،بکس، یونیفارم، ماہانہ وظیفہ اور مفت پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے حکومت پنجاب خصوصی توجہ دے رہی ہے، ان کی داخلہ مہم کے دوران کوشش کی جاتی ہے کہ سکول آ سکنے والے ہر خصوصی بچے کو سکول میں داخل کیا جائے۔
سپیشل بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان کی غیرنصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
اس موقع پر سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹنمنٹ ملتان ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ، اور ڈویژنل آفیسر میاں محمد ماجد نے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اداروں کو مثالی ادارے بنانے کیلئے کردار ادا کریں مالی معاملات درست رکھے جائیں، سپیشل ایجوکیشن اداروں میں کمپیوٹر لیب پر خصوصی توجہ دی جائے، سپیشل بچوں کی نصابی و ہم۔نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور اداروں میں صفائی ستھرائی کا خصوصی انتظام کیا جائے۔
اداروں میں سکول کونسلز کی ماہانہ میٹنگز باقاعدگی سے کی جائیں، خصوصی بچوں کیلئے صاف پانی کی فراہمی، سیفٹی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
فروری میں خصوصی بچوں کے لئے ملتان سپرنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔پروفیشنل سٹاف خصوصی بچوں کے مستقبل کیلئے مناسب کونسلنگ کاانتظام کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اور ہر ادارہ اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ باقدگی کے ساتھ ڈویژنل آفس میں جمع کروائے۔
اجلاس میں میڈم مبشرہ اسماء، سمیت ملتان ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں کے سربرہان حمیرا فاروق ہاشمی،ادیبہ ناز، ثمینہ رحمان، مہناز روّف، شہناز بانو،طاہر خان، تحسین زہرا، ساجد علی، ساجدہ بتول، عرفان احمد، ڈاکٹر ارشاد حسین،سلمان حسن غوری، مستنصر منیر بخاری، روبینہ نقوی، شہزادہ گلفام، فاطمہ بٹ، عظمیٰ ذوالفقار، غازیہ سحر، نسیم بی بی، تہمینہ جبیں،مریم کنول، سجاد حیدر، زکیہ طارق، ریحانہ یاسمین، ظفر اقبال، عبدالرشید، ہاجرہ رباب، ہدایت فاطمہ، فخر حمید، شفقت طور، عذرا عزیز و دیگر شامل تھے۔