Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

“ڈیجیٹل مارکیٹنگ: انگلش اور اردو ادبی مہارتوں کو ڈیجیٹل اثر میں ڈھالنا” کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبۂ انگریزی اور شعبۂ اردو کے اشتراک سے “ڈیجیٹل مارکیٹنگ: انگلش اور اردو ادبی مہارتوں کو ڈیجیٹل اثر میں ڈھالنا” کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق ورکشاپ کا مقصد روایتی لسانی و ادبی مہارتوں کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے جوڑتے ہوئے طالبات کو عملی اور مارکیٹ سے ہم آہنگ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا تھا۔

ورکشاپ کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں، اس ورکشاپ کا انعقاد ڈاکٹر عذرا لیاقت اور ڈاکٹر منزۃ ربانی کی قیادت میں کیا گیا۔

افتتاحی سیشن میں ڈاکٹر منزہ ربانی نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل دور میں زبان و ادب کے طلباء کے پاس بطور کانٹینٹ کری ایٹر، ڈیجیٹل مارکیٹر، کاپی رائٹر اور سوشل میڈیا اسٹریٹیجسٹ نمایاں مواقع موجود ہیں ان کے مطابق انگریزی اور اردو پر مہارت اگر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی مہارتوں کے ساتھ شامل ہو جائے تو فری لانسنگ، انٹرپرینیورشپ، میڈیا، برانڈنگ اور آن لائن ایڈووکیسی جیسے شعبوں میں کامیاب کیریئر کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔

پاکستان میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے تیز رفتار فروغ کے تناظر میں بین الشعبہ جاتی مہارتیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

آئی ٹی ایکسپرٹ تنویر نانڈلہ نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی عملی حکمتِ عملیوں پر تفصیلی گفتگو کی اور کانٹینٹ کری ایشن، آڈیئنس انگیجمنٹ، اسٹوری ٹیلنگ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے اخلاقی استعمال پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح ادبی مہارتوں کو ڈیجیٹل اثر و رسوخ میں بدلا جا سکتا ہے۔

انہوں نے طالبات کو جدید ڈیجیٹل ٹولز اور اے آئی سے چلنے والے پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے شعبۂ انگریزی اور شعبۂ اردو کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ زبان و بیان کی قوت کو وسعت دینے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، خصوصاً جب یہ مضبوط لسانی مہارتوں پر مبنی ہو طالبات کو ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں سے لیس کرنا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، کیونکہ پاکستان ٹیکنالوجی، جدت اور ڈیجیٹل معیشت کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

طالبات اپنی لسانی مہارتوں کو تخلیقی اور اخلاقی انداز میں استعمال کرتے ہوئے معاشرے اور ملک کے ڈیجیٹل مستقبل میں مثبت کردار ادا کریں۔

یہ تربیتی ورکشاپ علمی تربیت، مہارتوں کے فروغ اور کیریئر رہنمائی کے حوالے سے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی جو ویمن یونیورسٹی ملتان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ طالبات کو ڈیجیٹل اور اے آئی سے وابستہ دنیا کے تقاضوں کے مطابق تیار کرے، آخر میں شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button