بیس بال اب تعلیمی اداروں میں بھی کھیلی جائے گی

ملتان ڈویژن بیس بال ایسوسی ایشن کا ایک اجلاس زیر صدارت اشرف ناصر خان صدر ملتان ڈویژن مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں محمد جمیل کامران چیرمین پاکستان بیس بال ایمپائرز ایسوسی ایشن نے خصوصی شرکت کی ۔
جبکہ ظفر حسین وڑائچ سیکرٹری ملتان ڈویژن ۔ساجد رشید سیکرٹری ملتان ڈسڑکٹ ۔پروفیسر ندیم اقبال۔خالد محمود ۔خرم شہزاد بٹ۔مخدوم مظفر عالم قریشی۔منظور لطیفی۔زوہیب ملک۔اختر آزاد۔عمران مغل۔عثمان شوکت نے شرکت کی۔
اجلاس میں مستقبل قریب میں ہونے والی پنجاب گیمز اور انٹر بورڈ بیس بال چیمپین شپ کے سلسلہ میں مشاورت کی گئی۔
محمد جمیل کامران نے کہا کہ بیس بال اب تعلیمی اداروں میں بھی کھیلی جائے گی اس سلسلہ میں جلد ہی انٹر بورڈ بیس بال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جارہا ہے اس سلسلہ میں سکول اور کالج لیول پر اس گیم کو منظم کرنے کی ضرورت ہے ۔
پروفیسر ندیم اقبال ٹونی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اب بیس بال انٹر بورڈ کی گیمز میں شامل ہوچکی ہے تو اس سلسلہ میں جلد ہی ایک انٹر کالجیٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
خالد محمود نے کہا کہ سکول لیول پر پہلے بھی بیس بال کے مقابلے منعقد ہوچکے ہیں اور اب بھی جلد ہی سکول لیول پر ان مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ماڈل سکول گلگشت کی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اس سلسلہ میں سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بھی ان مقابلہ جات میں حصہ لینے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
ظفر حسین وڑائچ نے کہا کہ ملتان ڈویژن نے ہمیشہ سے بیس بال میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرایا ہے اسی لیے ملتان سے سب سے زیادہ کھلاڑی انٹرنیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
اشرف ناصر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب گیمز میں ملتان ڈویژن کی ٹیم بھرپور انداز میں شرکت کرے گی۔اور پنجاب گیمز میں انشااللٰلہ گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ جیسے ہی اس سلسلہ میں ٹرائلز کا انعقاد ہوگا تو تمام کھلاڑی ان ٹرائلز میں بھرپور شرکت کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد ہی ملتان کے سکولز اور کالجز پر مشتمل ٹیموں کے درمیان مقابلے کرائیں جائینگے، تاکہ انٹر بورڈ کے سلسلہ میں بھرپور تیاری کی جاسکے اور بہترین ٹیم کا انتخاب کیا جاسکے۔



















