زرعی یونیورسٹی ، ایمرسن یونیورسٹی اور سائنس کالج میں ایک ارب 28کروڑ کے منصوبے جاری

ایک ارب 28 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے ملتان میں ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر، گورنمنٹ ایمرسن کالج کے بی ایس بلاک کی تعمیراور گورنمنٹ سائنس کالج میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہائیر ایجوکیشن کے جاری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جب کہ گرلز انٹرکالج سمیجہ آبادکی اپ گریڈیشن ، گورنمنٹ ایمرسن کالج کی یونیورسٹی کے طور پر اپ گریڈیشن اور ویمن یونیورسٹی کی بلڈنگ کی تعمیر کے نئے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جن پر 76 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔
یہ بات جنوبی پنجاب کے کالجز کے مسائل کو حل کرنے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کی مختلف اسکیموں پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈائریکٹر کالجز و ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب عطاء الحق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری (ہائیرایجوکیشن) جام آفتاب حسین اورڈپٹی سیکرٹری (پلاننگ) محمد فیصل شہزاد، ڈپٹی سیکرٹری زبیر احمد اعجاز اور ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف سمیت ہائیرایجوکیشن اور محکمہ بلڈنگز کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز میں ہائیرایجوکیشن کے جاری و نئے منصوبوں ،جنوبی پنجاب کے تمام کالجز میں جاری تعلیمی سرگرمیوں ، فنڈز کے استعمال، نجی کالجز کی رجسٹریشن، ایکس پاکستان لیوکیسز، ڈیپوٹیشن کیسز، پنشن کیسز اور دیگر معاملات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ہدایت کی کہ ہائیرایجوکیشن کی اسکیموں پر کام کی رفتار، معیار اور شفافیت کی نگرانی کرنے کے لیے ملٹی ڈیپارٹمنٹ اسپیشل باڈی تشکیل دی جائے ۔
انہوں نے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرزکو کالجز کی بہتری کے لیے عمومی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔



















