بلین ٹری سونامی مہم :رکھ تریمن ڈیرہ غازیخان میں 140 ایکڑ پر جنگلات لگانے کا منصوبہ تیار
سیکرٹری فاریسٹ،فشریز اینڈ وائلڈ لائف جنوبی پنجاب سرفراز مگسی نے کہا ہے کہ تونسہ شریف میں چڑیا گھر کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے، اور اس کا جلد افتتاح کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا یے کہ وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی مہم کے سلسلے میں جنوبی پنجاب میں متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں، جن میں رکھ تریمن ڈیرہ غازیخان میں 140 ایکڑ پر جنگلات لگانے کا منصوبہ شامل ہے۔
سرفراز مگسی نے بتایا بلین ٹری سونامی کے تحت جنوبی پنجاب میں1 کروڑ20 لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں۔
وہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تونسہ شریف میں قائم کیمپ آفس میں شہریوں سے گفتگو کررہے تھے۔
سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جنوبی پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سیکرٹری جنگلات، ماہی پروری اور جنگلی حیات سرفراز مگسی نے کہا کہ حکومت نے سیکرٹریز کی جانب کھلی کچہریوں کے انعقاد کی نئی روایت قائم کی ہے،تونسہ شریف میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے کیمپ آفس کے قیام سے گڈ گورنس کو فروغ ملے گا۔
سرفراز مگسی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب کی بھرپور ترقی کے خواہاں ہیں،نئے بجٹ میں ماہی پروری کی فروغ کے لئے خصوصی پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں غیر قانونی شکار کھیلنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جارہی ہے۔
سیکرٹری لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ جنوبی پنجاب نے بتایا کہ مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے فری ویکسی نیشن جاری ہے۔
اس کے علاوہ لائیو سٹاک فارمرز کو بہترین معاوضہ دلانے کے لئے پلان تیار کیا جارہا ہے جس میں جنوبی پنجاب میں کمرشل سلائٹر ہاوسسز اور جانوروں کی کھالوں کے لئے جدید پراسس سنٹر تعمیر کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات جنوبی پنجاب نے کہا کہ کوہ سلیمان کے ایریا میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں سے علاقہ ترقی کرے گا، اور ذرائع نقل و حمل سے خوشحالی آئے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔
کیمپ آفس میں سیکرٹریز نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔



















