تعلیمی بورڈ ملتان کے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے انتظامات مکمل، چار اضلاع میں 458 سنٹر قائم
تعلیمی بورڈ ملتان سمیت پنجاب بھر میں میڑک کے سالانہ امتحانات 4 مارچ سے شروع ہورہے ہیں، جس کے لئے تعلیمی بورڈ ملتان نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اس سلسلے میں اہم اجلاس کمشنر ملتان ڈویژن/ چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں میٹرک کے سالانہ امتحان 2025 کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے گئی۔
اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ امتحان کا آغاز چار مارچ سے ہو گا، جس کے لیے ملتان ڈویژن کے اضلاع لودھراں ، وہاڑی، خانیوال اور ملتان میں 458 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
چیئرمین عامر کریم نے بورڈ کے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا حکم دیا اور دستیاب وسائل کے مطابق اُمیدواران کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ محنتی، دیانتدار ، اور اچھی شہرت کے حامل اساتذہ کی بطور امتحانی عملہ کی بر وقت نامزدگی کی جائے، تمام سی ای اوز اور ڈی ای اوز کو یہ ہدایت بھی کی گئی کہ اپنے اداروں کے سالانہ نتائج بہتر بنائیں۔
اجلاس میں کنٹرولر امتحانات پروفیسر حامد سعید نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال جماعت دہم کے تقریباً 1,25,000 اُمیدواران اور نہم کے 50،000، 1 اُمیدواران امتحان میں شرکت کریں گے۔
تمام امتحانی مراکز میں امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے ، جو امتحانی مراکز کے اندر اور داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کریں گے، ان کیمروں کی مانیٹرنگ کے لیے بورڈ آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، جہاں سے تمام مراکز کو براہ راست دیکھا جائے گا۔
امتحانی مواد / سوالیہ پرچہ جات کی حفاظت کے لیے سوالیہ پیپرز کے لفافوں پر سنٹر وائز خفیہ واٹر مارک لگایا گیا ہے اس مقصد کے لیے ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز و ریذیڈنٹ انسپکٹرز کے لیے کیو آر کوڈ ریڈنگ ایپ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
امتحانات کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کے لیے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور پولیس حکام کو مراسلے جاری کیے جارہے ہیں تاکہ غیر متعلقہ افراد کو امتحانی مراکز کے قریب جانے سے روکا جاسکے۔
امتحانی سینٹر ز پر سیل فونز کے استعمال پر سخت پابندی ہو گی اور اس سال اُمیدواران کو معروضی سوالیہ پرچہ پیپر ختم ہونے کے بعد واپس نہیں دیا جائے گا تا کہ سیکریسی بر قرار رہے۔