آئیڈیل کالج کے 21 طلباء وطالبات کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت مل گئی

تعلیمی بورڈ ملتان نے سابق آئیڈیل کالج کے 21 طلبا و طالبات کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت دے دی۔
اس سلسلے میں جاری مراسلے میں کہاگیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں سابق آئیڈیل کالج کے طلباء و طالبات کو ریلیف فراہم کیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں 17 فروری 2026 تک مجموعی طور پر 21 طلباء و طالبات نے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی انرولمنٹ مکمل کرلی ہے اور وہ اب پارٹ فرسٹ کا نتیجہ جاری ہونے کے بعد کیریئر ایڈوانسمنٹ کے امتحان میں شرکت کے اہل ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ باقی ماندہ طلباء و طالبات کو بھی مایوس نہیں کیا جائے گا، تاہم انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر مقررہ ریلیف فیس ادا کریں اور بورڈ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 19 فروری 2026 تک اپنا داخلہ جمع کروائیں تاکہ وہ بھی امتحانی عمل میں شامل ہوسکیں۔
بورڈ حکام کے مطابق تمام متعلقہ طلباء و طالبات کو چاہیے کہ وہ تاخیر سے گریز کریں اور مقررہ تاریخ کے اندر اپنی دستاویزات اور فیس مکمل کرکے بورڈ آفس میں جمع کروائیں تاکہ انہیں امتحان میں شرکت کے حق سے محروم نہ ہونا پڑے۔
تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو طلباء کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بروقت اقدامات سے متاثرہ طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچ جائے گا۔




















