نہم سالانہ امتحان2023ء کے نتائج کا اعلان، سرکاری سکولوں کے دو طالبعلموں نے 553 نمبر لیکر ریکارڈ بنادیا
تعلیمی بورڈ ملتان نے نویں کے نتائج کا اعلان کردیا، جس کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 43ہزار958امیدوار شریک ہوئے،ان میں سے 77ہزار 142پاس اور 66ہزار816امیدوار فیل ہوگئے، امتحان میں امیدواروں کی کامیابی کی شرح 53.59فیصد رہی۔
نتائج کے مطابق سائنس گروپ کے کل ایک لاکھ 30ہزار 364امیدوار وں نے امتحان میں شرکت کی ،ان میں سے 70ہزار464پاس اور59ہزار900فیل ہوگئے ،سائنس گروپ کا نتیجہ 54.05فیصد رہا۔
اسی طرح آرٹس گروپ کے کل 13594امیدوار امتحان میں شریک ہوئے ،ان میں سے 6678پاس اور 6916 امیدوار فیل ہوگئے، نتیجہ 49.12فیصد رہا، نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 70374طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 43231پاس اور 27143 فیل ہوگئیں، طالبات کی کامیابی کا تناسب 61.43 فیصد رہا۔
اسی طرح امتحان میں کل 73584 لڑکوں نے شرکت کی، ان میں سے 33911 پاس اور39673 فیل ہوگئے، امتحان میں لڑکوں کی کامیابی کی شرح 46.8 فیصد رہی۔
دریں اثنا نتائج کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول سنٹرل جیل کے فیضان شوکت نے 553 اور گورنمنٹ ہائی سکول میاں چنوں کے محمد ارقم عاصم نے 553 نمبر حاصل کرکے ٹاپ پوزیشن پر رہے ، جس پر تعلیمی حلقوں نے خوشی اظہار کیا ہے کہ سرکاری اداروں کے طلبا کی اب پوزیشنیں آرہی ہیں۔
علاوہ ازیں تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام نویں جماعت پہلا سالانہ امتحان2023ءمیں کامیاب ہونے والے کل 77142امیدواروں میں سے 19853نے اے پلس گریڈ حاصل کیا، اسی طرح 18167 نے اے گریڈ، 21666 امیدواروں نے بی گریڈ،14301امیدواروں نے سی گریڈ، 3316امیدواروں نے ڈی گریڈ اور 39 امیدواروں نے ای گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔
تعلیمی بورڈ ملتان کے نویں جماعت کے امتحان میں کل 8 امیدواروں کے خلاف ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے کیسز بنائے گئے، کیسز کی سماعت مکمل ہونے کے بعد 7امیدواروںکو الزام ثابت ہونے پر سزا دے دی گئی جب کہ ایک امیدوار کو الزام ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا۔