Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

تعلیمی بورڈ ملتان کے بی او جی کا اجلاس، فیصلے سنا دیئے گئے

تعلیمی بورڈ ملتان کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، آئیڈیل کالج کو مزید ریلیف دینے کا فیصلہ، بلیک لسٹ سنٹرز بارے اہم فیصلے کئے گئے۔

تفصیل کے مطابق کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف انتظامی و امتحانی امور سے متعلق ایجنڈا زیر غور لائے گئے۔

اجلاس میں بورڈ کے 383ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی۔ شرکاء کو حکومت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات بی آئی ایس ای ملتان کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

بورڈ آف گورنرز نے امتحانی مراکز پر بائیو میٹرک حاضری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے آئی ٹی انویجیلیٹرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی جبکہ حساس امتحانی مراکز پر شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں نجی الحاق شدہ اداروں میں ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی امتحانی مراکز کے قیام کی توثیق بھی کی گئی۔اجلاس کے دوران بلیک لسٹ امتحانی مراکز کی بحالی سے متعلق چیئرمین کے اقدام کی منظوری دی گئی جبکہ امتحانات کے دوران بعض عملی لیبارٹریز کی تبدیلی کے فیصلے کی بھی توثیق کر دی گئی۔

بورڈ اجلاس میں سرکاری گرلز ہائی سکول مبارک پور کبیر والا کے طلبہ کے داخلہ فارمز کے معاملے پر غور کیا گیا جبکہ سابقہ آئیڈیل کالج ملتان کے سابق طلبہ کے مسائل سے متعلق ایجنڈا بھی زیر بحث آیا۔

بورڈ آف گورنرز نے ایکس آئیڈیل کالج ملتان کے طلبہ کو مزید ریلیف دینے کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ طلبہ بقایا فیس کا صرف 20 فیصد جمع کروا کر اپنا رزلٹ حاصل کر سکیں گے جبکہ باقی 80 فیصد بقایا فیس رزلٹ کے اعلان سے قبل جمع کروانا ہوگی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ بورڈ کے شیڈول کے مطابق سیکنڈ ایئر کے داخلے بھی بھیج سکیں گے، اس سے قبل مریم نواز کی ہدایت پر طلبہ کو 25 فیصد فیس جمع کروانے کی رعایت دی گئی تھی۔

اجلاس میں سیکرٹری بورڈ خرم قریشی سمیت بورڈ کے دیگر ممبران بھی شریک تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button