تعلیمی بورڈ ملتان نے امتحان کے لئے ایگزامینرز سے درخواستیں طلب کرلیں

سکولوں کے سربراہون کو جاری مراسلےمیں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ بوائز/گرلز سیکنڈری، ہائیر سیکنڈری سکولز ضلع ملتان،وہاڑی،خانیوال،لودھراں میں میٹرک لیول پر سب-ایگزامینرز کے مصدقہ کوائف کی فراہمی کی ضرورت ہے۔
شفاف امتحان کے انعقاد کے بعد جوابی کاپیوں کی معیاری مارکنگ کیلئے میٹرک کلاسز کو پڑھانے والے اہل، مضمون میں مہارت رکھنے والے، دیانتدار، مخلص، بااعتماد، فرض شناس اور قومی درد رکھنے والے اساتذہ کرام کا جوابی کاپیوں کی مارکنگ میں عملی طور پر شرکت کرنا ناگزیر ہے۔
حکومت پنجاب محکمہ تعلیم کے تعلیمی ادارہ جات میں تجربہ کار، تعلیم یافتہ، غیر معمولی قابلیت اور صلاحیت کے حامل خواتین و حضرات اساتذہ کرام موجود ہیں۔
بحیثیت سربراہِ ادارہ اس قومی ڈیوٹی کی تکمیل میں نہایت مؤثر اور اہم کردار ادا کر سکتے ہیں نیز اساتذہ کرام کو یہ باور کرانا نہایت ضروری ہے کہ مارکنگ میں عملی طور پر ان کی شرکت ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔ اس ضمن میں آپ کا یہ اہم اور غیر معمولی اقدام / تعاون وطن عزیز کے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے اور طلباء و طالبات کے بہتر مستقبل میں معاون ثابت ہو سکتا ہے جوابی کاپیوں کی مارکنگ لازمی ڈیوٹی ہے۔
لہذا آپ سے گزارش ہے کہ بورڈ کی پر موجود فارم یا منسلک پروفارمہ15جنوری تک ارسال کریں تاکہ میٹرک سالانہ امتحان 2026ء کی مارکنگ کی بابت جملہ انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔




















