سکولوں اور کالجز میں کروم بکس کی تقسیم؛ تعلیمی بورڈ ملتان نے تعلیمی اداروں سے طلباء کا ڈیٹا مانگ لیا

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے وزیرِ اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت الحاق شدہ پبلک اسکولوں اور کالجوں میں کروم بکس کی تقسیم سے متعلق اہم مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
سیکرٹری ملتان بورڈ خرم شہزاد قریشی کی جانب سے تمام سرکاری اداروں کے سربراہان جو ملتان بورڈ سے الحاق شدہ ہیں کو فوری تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کروم بکس کی تقسیم کےلئے طلب کی گئی معلومات جلد از جلد فراہم کی جائیں تاکہ کروم بکس کی تقسیم کے عمل کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔
کروم بکس کی یہ تقسیم آئی بی سی سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے کی جا رہی ہے، جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل سہولیات کا فروغ، جدید تعلیمی ذرائع تک رسائی اور طلبہ و اساتذہ کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ اس اقدام کو وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
مراسلے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ چونکہ معاملہ فوری نوعیت کا حامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مطلوبہ معلومات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں، بر وقت اور درست ڈیٹا کی فراہمی سے نہ صرف منصوبے کے نفاذ میں آسانی ہوگی بلکہ الحاق شدہ تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کو بھی تقویت ملے گی۔
تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کروم بکس کی فراہمی سے تدریسی و تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر کے طلبہ میں سات لاکھ گوگل کروم بکس تقسیم کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی جس کا مقصد ڈیجیٹل لرننگ کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
ایک سماجی تنظیم کی مدد سے ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور جامعات میں داخلہ لینے والے طلبہ کو کروم بکس فراہم کئے جائیں گے۔




















