2023 میں امتحانات کو بہتر بنانے کےلئے تعلیمی افسروں نے سرجوڑلئے
میٹرک و انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2023 ء کے بروقت و بہترانعقادکیلئے ڈائریکٹر/ڈپٹی ڈائریکٹرز ملتان ،چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) ملتان ولودھراں کا اجلاس منعقدہوا جس کی صدارت چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم،کنٹرولر ا متحانات ، محمد حامد سعید بھٹی نے کی ، اس موقع پر ملتان ڈویثرن کے ڈائریکٹر کالجز ،ڈاکٹر فرید شریف ،چیف ایگزیکٹو آفیسر(ایجوکیشن) ملتان شمشیر خان بلوچ ،چیف ایگزیکٹو آفیسر(ایجوکیشن) لودھراں ظہور احمد،ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز ملتان ڈاکٹر محمد عظیم قریشی اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز خانیوال احمر رئوف شریک تھے۔اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری( فنانس)ڈاکٹر حافظ فدا حسین ،سسٹم اینالسٹ قاضی مجیب الرحمن اور اسسٹنٹ کنٹرولر(کنڈکٹ ) منور پاشانے میٹرک و انٹر سالانہ امتحانات میں امتحانی سنٹرز میں درپیش مسائل (امتحانی عملہ )کے حوالہ سے اتھارٹی کو آگاہ کیا۔
جس پر ڈاکٹر فرید شریف اور چیف ایگزیکٹو آفیسر(ایجوکیشن) ملتان شمشیر خان بلوچ نے امتحانات کے بہتر انعقاد کیلئے خصوصی تعاون کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ میٹرک و انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2023 ء میں امتحانی سنٹرز میں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر چیئرمین نے کہا کہ آپ لوگوں کے تعاون سے ملتان بورڈ میٹرک و انٹرسالانہ امتحان 2022 ء کے بروقت وبہترانعقاد میں کامیاب ہوا، اب آپ لوگوں کے تعاون ہی سے آمدہ امتحانات کے بروقت و بہترین انعقاد میں بھی کامیاب ہوگا۔
آپ لوگ امتحانات کیلئے بروقت اساتذہ کی لسٹیں فراہم کریں تاکہ فراہم کردہ لسٹوں سے ہی امتحانی عمل کی ڈیوٹیاں لگائی جاسکیں۔