میٹرک کا امتحان آج شروع ہوگا، تعلیمی بورڈ ملتان کی انتظامیہ کی غفلت ، طالبات کے سنٹر گھروں سے کئی کلومیٹر دور بنادئے گئے

میٹرک کا سالانہ امتحان 2022آج سے شروع ہورہا ہے ، گزشتہ روز ملتان بورڈ میں امیدواروں کا رش لگا رہا جو اپنا سنٹر قریب بنانے کےلئے آئے ہوئے تھے ۔
امیدواروں کا کہنا تھا کہ امتحانی سنٹرز گھروں سے بہت دور بنا دئے ۔گلگشت ،دہلی گیٹ سمیت دیگر شہری امیدواروں بشمول طالبات کے سنٹرز راجہ پور اور قاسم پور کالونی بنا دئے ہیں۔جو گھر سے 20کلو میٹر دور ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جب جہاں آئے ہیں تو کو بات نہیں سن رہا جبکہ جو امیدوار پیسے دے رہا ہے ملازمین ان کی سنٹر مرضی سے بنارہےہیں۔
علاوہ ازیں ایسے نگران عملے نے بھی ڈیوٹی کرنے سے انکار کردیا ، جن کے سنٹر ملتان سے باہر بنائے گئے ان کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں ملتان سے باہر جانا ممکن نہیں ،معاوضہ بھی اتنا قلیل ہے کہ ایک طرف کا کرایہ بھی پورا نہیں ہوتا۔
علاوہ ازیں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے دوران کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امتحانی سنٹرز میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے،سینٹرز کا وزٹ بھی کریں گے۔ وزٹ کی رپورٹ روزانہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو بھجوائی جائے گی۔
انسپکشن ٹیمیں بھی امتحانی سنٹر میں سکیورٹی اور دیگر انتظامی معاملات کا جائزہ لیں گی،تمام امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ ہوگی، غیر متعلقہ شخص کے سنٹر میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
ملتان میں دولاکھ 92ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوں گے جن کےلئے 376امتحانی سنٹربنائے گئے ہیں اور ان پر ساڑھے تین ہزار عملہ تعینات کیاگیا ہے۔
چیئرمین بورڈ حافظ قاسم کا کہنا ہے کہ ہم نے کم وقت میں انتظامات مکمل کئے ہیں، شدید گرمی کی وجہ سے ڈیوٹیوں کے مسائل سامنے آئے ، لڑکوں کے امتحانی سنٹروں پر شکایات دورکردی گئیں ہیں جبکہ خواتین نگران عملے کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے، شہر سے باہر علاقوں کے امتحانی سنٹروں پر انہی علاقوں کے خواتین اساتذہ کو تعینات کرنے کی کوشش کی جارہی ہے صبح تک معاملات کو حل کرلیاجائے گا۔




















