Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ملتان : تعلیمی بورڈ کا بڑا ریلیف

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے رات گئے سابقہ آئیڈیل کالج آف سائنس اینڈ کامرس (بوائز اینڈ گرلز) ملتان کے ان طلباء و طالبات کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کیا ہے جنہوں نے انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ پہلا سالانہ امتحان 2025ء میں مذکورہ ادارے کے ذریعے شرکت کی تھی۔

ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر برائے سکول و ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان نے، بورڈ آف گورنرز کی متوقع منظوری کے تحت اور بورڈ کیلنڈر میں درج ہارڈشپ جنرل ریگولیشن 10 کے مطابق، طلبہ کے روکے گئے نتائج جاری کرنے اور انہیں انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ سالانہ امتحان 2026ء میں شرکت کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق متعلقہ طلبہ و طالبات فوری طور پر سابقہ واجبات کا 25 فیصد بورڈ سے چالان فارم حاصل کرکے حبیب بینک لمیٹڈ کے بورڈ اکاؤنٹ میں جمع کروائیں گے اور ساتھ ہی اسٹامپ پیپر پر بیانِ حلفی جمع کرائیں گے، جس میں وہ اس امر کے پابند ہوں گے کہ باقی ماندہ 75 فیصد واجبات انٹرمیڈیٹ فرسٹ سالانہ امتحان 2026ء کے نتیجہ کے اجرا سے قبل ادا کریں گے، بصورت دیگر نتیجہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
باقی ماندہ واجبات کی تفصیل ڈپٹی سیکرٹری فنانس کے دفتر سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

مزید برآں 25 فیصد پہلی قسط جمع کروانے کے بعد طلبہ 19 فروری 2026ء تک سنگل فیس کے ساتھ انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ سالانہ امتحان 2026ء کے لیے داخلہ فارم جمع کرا سکیں گے۔

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد کسی قسم کی مزید کارروائی ممکن نہیں ہوگی۔ ایسے طلبہ جو انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ سالانہ امتحان 2025ء کے نتائج میں فیل ہوئے ہوں یا نتیجہ سے غیر مطمئن ہوں وہ 17 فروری 2026ء تک ری ایڈمیشن کے اہل ہوں گے اور جاری شدہ شیڈول کے مطابق داخلہ فارم جمع کروا سکیں گے، تاہم ان پر بھی مذکورہ بالا شرائط لاگو ہوں گی۔

کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان نے فنانس، انٹر اور رجسٹریشن برانچز کو ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کریں۔

بورڈ کی تمام متعلقہ برانچز 14 فروری 2026ء سے 19 فروری 2026ء تک، بشمول اتوار، صبح 9 بجے سے شام 8 بجے تک کھلی رہیں گی تاکہ طلبہ و طالبات کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

بورڈ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ شرائط پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں تمام تر ذمہ داری متعلقہ طلبہ و طالبات پر عائد ہوگی اور کسی قسم کا عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button