ریلوے ملتان ڈویژن میں 27 اکتوبر کو "یومِ سیاہ” منایا گیا

پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن میں 27 اکتوبر کو "یومِ سیاہ” عقیدت، جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔
اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ملتان جناب افتخار حسین کی قیادت میں ایک پُرجوش ریلی نکالی گئی جس میں تمام ڈویژنل آفیسران اور ڈی۔ایس آفس کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی ڈی۔ایس آفس سے شروع ہو کر ریلوے اسٹیشن پر اختتام پذیر ہوئی، شرکاء نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ریلی کے اختتام پر ڈی۔ایس ریلوے ملتان افتخار حسین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ“کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور ہم بھارتی ناجائز قبضے کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں لازوال ہیں اور ہمارے دل اُن کے ساتھ دھڑکتے ہیں”۔
انہوں نے اس موقع پر کشمیر کے مسئلے کو دو قومی نظریے کے تناظر میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ“جس نظریے پر پاکستان قائم ہوا، وہی نظریہ آج کشمیر کی آزادی کی بنیاد ہے۔ ایک دن ضرور آئے گا جب بھارتی ناجائز قبضے سے نجات پانے کے بعد پاکستا کا سبز ہلالی پرچم مقبوضہ وادی میں لہرائے گا، اور کشمیر، پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔”
ریلی کے شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے کے ملازمین کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ہر فورم پر اُن کی آزادی کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔



















