ایئر یونیورسٹی میں بلڈ کیمپ کا انعقاد
ایئر یونیورسٹی ملتان کیمپس میں ریجنل بلڈ سنٹر حکومت پنجاب کی جانب سے دو روزہ بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء ،فیکلٹی و سٹاف کی جانب سے خون کے عطیات دئیے گئے۔
ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر غلام علی نے خون کا عطیہ دینے کے موقع پر بلڈ کیمپ میں موجود طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خون کا اکثر عطیہ کرنا خون کے نظام میں بہتری لانے کا باعث بنتا ہے، کیونکہ اس سے شریانوں کو نقصان کم پہنچتا ہے، جس سے خون کے بلاک ہونے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
خون عطیہ کرنیوالے افراد میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ 80 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ خون عطیہ کرنے والے افراد کم بیمار ہونے کے باعث ہسپتال بھی بہت کم داخل ہوتے ہیں اور وہاں بھی ان کا قیام مختصر عرصے کے لیے ہوتا ہے، جبکہ ہارٹ اٹیک، کینسر اور فالج وغیرہ کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
خون عطیہ کرنے سے قبل لگ بھگ ہر فرد کا طبی چیک اپ ہوتا ہے جس میں جسمانی درجہ حرارت، دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور ہیموگلوبن کی سطح کو دیکھا جاتا ہے، اسی طرح خون اکھٹا کیے جانے کے بعد اسے لیبارٹری بھیجا جاتا ہے، جہاں اس کے مختلف قسم کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ وہ خطرناک مرض سے آلودہ تو نہیں، جس سے لوگوں کو بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔