ویمن یونیورسٹی میں کتاب میلہ شروع ہوگیا

ویمن یونیورسٹی ملتان میں نیشنل بک فاونڈیشن کے زیر اہتمام دو روزہ کتاب میلہ شرو ع ہوگیا، میلے کا افتتاح رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مطالعے سے محبت اور لائبریریوں سے رغبت کا عمل فرد اور معاشرہ دونوں کو وقار بخشتا ہے۔
کتاب انسانی فکروشعور کو بلندی اور پختگی عطاکرتی ہے اور معاشرے میں اعتدال، رواداری وبرداشت جیسی روایات کو مضبوط کرکے اس دنیا کو رہنے کے قابل بنادیتی ہے۔
نیشنل بُک فائونڈیشن کتاب کے ذریعے جہالت کے خلاف برسرپیکار ہیں اور نوجوانوں کو پرامن انقلاب کی نوید دے رہے ہیں۔
کتاب میلے میں سائنس، ٹیکنالوجی، حالات حاضرہ، تاریخ، حکمت ودانائی، فلسفہ، سوانح، سفرناموں اور دینی علوم سمیت ہر موضوع کی کتب رکھی گئی ہیں، اور طالبات کےلئے 50فیصد رعایتی نرخ متعارف کرائے گئے ہیں۔
اس موقع پر تمام شعبوں کی چیئرپرسنز ،اسسٹنٹ لائبریرین مس سمیرا رسول ، گل ناز بتول اور محمد زبیر ( نمائندہ نیشنل بک فاونڈیشن)بھی موجود تھے۔




















