ویمن یونیورسٹی ملتان میں کتاب میلہ شروع ہوگیا

ویمن یونیورسٹی ملتان میں کتاب میلہ شروع ہوگیا، جس کا افتتاح رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بک فیئر کا انعقاد ایک اہم قدم ہے، آج طالب علم انفارمیشن کے تمام ذرائع سے وابستہ ہے، لیکن بدقسمتی سے کتاب سے دور ہے۔
لیکن آج اشد ضرورت ہے کہ کتاب کے ساتھ پھر سے ناطہ جوڑا جائے، کتاب سے دوستی مثالی ہے اور کتاب زندگیوں میں تبدیلی لانے کا واحد ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ بک فیئر کے ذریعے طلباء اور اساتذہ زندگی کے ہر شعبہ کے ساتھ جڑ سکتے ہیں، اور اس بک فیئر سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔
بک فیئر میں 13 سے زیادہ پبلشرز نے مختلف مضامین کی سینکڑوں کتابوں نمائش کےلئے پیش کیں ، جس میں طالبات نے خصوصی دلچسپی لی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیر ڈاکٹر عدیلہ سعد نے کہا کہ ہمارے نوجوان اور طلباء پاکستان کا مستقبل ہیں، اور ادب اور سائنسی تحقیق میں ہماری کامیابی کا انحصار ہمارے نوجوانوں کی فکری نشوونما پر ہے۔
اس موقع پر لائبریرین گل ناز بتول ، سمیرا رسول تمام شعبوں کی چیئرپرسن دیگر اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔



















