زکریا یونیورسٹی : 20ویں کانووکیشن کی تقریب، 14 ہزار 261 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم

زکریا یونیورسٹی کے20ویں کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم وجہیہ قمر تھیں۔
کانووکیشن میں مختلف فیکلٹیزکی مجموعی طور پر 14261 طلبہ و طالبات نے اسناد حاصل کیں جبکہ 371طلباوطالبات نے گولڈ میڈل حاصل کئے جبکہ پی ایچ ڈی کرنے والے سکالرز کی تعداد 50تھی، فیکلٹی وار تفصیل کے مطابق سب سے زیادہ 4822 گریجویٹس فیکلٹی آف سائنس نے دیے، جس میں 1477 پوسٹ گریجویٹ، 2346 انڈر گریجویٹ اور 999 ایم فل طلبہ شامل ہیں۔
فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز سے 3402 گریجویٹس نے اسناد حاصل کیں، جن میں 689 پوسٹ گریجویٹ، 2053 انڈر گریجویٹ اور 660 ایم فل ہیں۔
فیکلٹی آف کامرس، لاء اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن کے 2114 گریجویٹس میں 634 پوسٹ گریجویٹ، 1394 انڈر گریجویٹ اور 86 ایم فل شامل ہیں۔
فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نے 1156 گریجویٹس دیے، جبکہ فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ لینگویجز سے 1051، فیکلٹی آف انجینئرنگ سے 553، فیکلٹی آف فارمیسی سے 512، فیکلٹی آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے 421 اور فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز سے 230 گریجویٹس شامل ہیں۔
ان اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 3568 پوسٹ گریجویٹ، 8128 انڈر گریجویٹ اور 2565 ایم فل گریجویٹس نے اسناد حاصل کیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری نے سپاس نامہ پیش کیا جبکہ وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم وجہیہ قمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ طلبا پاکستان کے فکری سرمائے کی نمائندگی کرتے ہیں سائنس، انجینئرنگ، قانون، زراعت، کاروبار، عوامی خدمت یا فنونِ لطیفہ جیسے کسی بھی شعبے میں کامیابی کے ساتھ قومی ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں قوم آپ سے ترقی، اداروں کی مضبوطی، معاشرتی ہم آہنگی اور غربت، ماحولیات، تعلیمی مساوات اور معاشی استحکام جیسے چیلنجز سے نمٹنے کی توقع رکھتی ہے۔
وزیر نے گریجویٹس کو نصیحت کی کہ تعلیم کا سلسلہ کلاس روم تک محدود نہ رکھیں، تجسّس کو اپنا ہم سفر بنائیں، دیانت داری کو فیصلہ سازی کی بنیاد بنائیں، ہمدردی کو قیادت کا حصہ بنائیں اور انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنائیں۔
انہوں نے والدین اور فیکلٹی ممبران کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ کی قربانیوں اور رہنمائی نے ان گریجویٹس کی کامیابی کی راہ ہموار کی ہے انہوں نے جامعہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی زیڈ یو نے ٹائمز ہائیر ایجوکیشن کی عالمی درجہ بندی میں 601-800 کی پوزیشن حاصل کی ہے اور پاکستان میں دوسری اور پنجاب میں پہلی پوزیشن پر ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 400 پوائنٹس کی بہتری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں نظم و ضبط، محنتی فیکلٹی اور تخلیقی فضا کا نتیجہ ہیںانہوں نے مزید کہا کہ آج کا دور ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور عالمی مسابقت کا دور ہے، جس میں تکنیکی مہارت کے ساتھ اخلاقی وضاحت، موافقت پذیر سوچ اور پائیدار مسائل کا حل ضروری ہے اعلیٰ تعلیم کو مضبوط بنایا جائے گا اور علم پر مبنی معیشت کی ترقی کے لیے نصاب کی جدیدیت، فیکلٹی ڈیویلپمنٹ، تحقیق اور ادارہ جاتی اصلاحات پر کام جاری رہے گا۔


















