زکریا یونیورسٹی : بس کی بریک فیل، موٹر سائیکل اور گاڑی کو روند ڈالا
گزشتہ روز زکریا یونیورسٹی کا ڈرائیور کاشف لدھیانہ بس لیکر نو نمبر کےلئے نکلا تو بوسن روڈ سیداں والا بائی پاس کے قریب بس بریک فیل ہوگئی، تاہم رفتار کم ہونے کی وجہ سے بڑا نقصان بچ گیا۔
ایک 125موٹرسائیکل اور ایک کرولا گاڑی اس کی زد میں آکر بری طرح تباہ ہوگئی، ٹکراؤ کے بعد گاڑی رک گئی، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہیں پولیس موقع پر پہنچ گئی، اور گاڑی قبضے میں لے لی، کچھ دیر بعد یونیورسٹی حکام اور ایمپلائز یونین کے صدر ملک صفدر اور جنرل سیکرٹری رانا مدثر موقع پر پہنچے، اور موٹر سائیکل اور گاڑی مالک کو نقصان پورا کرنے اور گاڑیوں کی مرمت کا یقین دلایا اور انکی سواری ورکشاپ پہنچا دی گئی، مگر اس کے بعد متعلقہ ڈی ایس پی پولیس نے بس دینے سے انکار کردیا، اس کا موقف تھا کہ گاڑی تھانے جائے گی۔
جس پر یونین رہنماؤں اور پولیس اہلکار میں تلخ کلامی ہوگئی کہ جبکہ مدعی کے ساتھ معاملہ طے ہوچکا ہے تو بس یونیورسٹی کے حوالے کی جائے۔
آخر یونین کے صدر کی طرف سے تحریری یقین دہانی کے بعد بس یونیورسٹی حکام کے حوالے کردی گئی۔
واضح رہے یونیورسٹی میں ایک بس کی بریک فیل ہونے سے ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا تھا، جس کی انکوائری تاحال تعطل کا شکار ہے اور دوسرا سانحہ ہوتے ہوتے رہ گیا ہے ۔