زکریا یونیورسٹی : داخلوں میں کمی، میرٹ پالیسی بھی تبدیل
زکریا یونیورسٹی میں داخلوں کی شرح میں دن بدن کمی ہورہی ہے جس کو روکنے کےلئے یونیورسٹی نے اہلیت کا معیار بھی کم کردیا ہے، اب 40 فیصد نمبروں والا امیدوار یونیورسٹی میں داخلے کےلئے اپلائی کرسکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام انرولمنٹ بڑھانے کےلئے کیاگیا ہے جبکہ قریبی علاقوں کے طلباء کےلئے نئی بس سروسز بھی شروع کی جارہی ہیں۔
دوسری طرف پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی بہاءالدین زکریا یونیورسٹی انرولمنٹ بڑھانے کےلئے میدان میں آگئے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے کہ سادہ سے اعداد و شمار کے مطابق اگر یونیورسٹی میں مقرر کردہ تعداد سے صرف ایک ہزار داخلے کم ہوئے تو اگلے چار سال میں یونیورسٹی کے خزانے میں کم از کم چالیس کروڑ روپے کمی ہو سکتی ہے، اسی تناظر میں ہمارے ہم عصر ادارے داخلے بڑھانے کے لئے بہت محنت کر رہے ہیں، تمام اساتذہ، سٹاف اور ایمپلائز اپنے اداروں کے معاشی استحکام کے لئے کوشاں ہیں۔
یونیورسٹی کے تمام ملازمین ،افسر اور اساتذہ بی زیڈ یو کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں اور داخلوں کی مقررہ تعداد پوری کرنے میں معاون و مدد گار ثابت ہوں، یونیورسٹی کا معاشی استحکام ہی آپ کے معاشی مفادات کا ضامن ہے۔