زکریا یونیورسٹی ملتان کا کانووکیشن ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

زکریا یونیورسٹی ملتان نے مختلف تعلیمی سیشنز کے گریجویٹس، ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے منعقد ہونے والی کانووکیشن کی تاریخوں میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ ناگزیر مصروفیات اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پہلے کانووکیشن 12 فروری 2026 کو منعقد ہونا تھی، تاہم اب نظر ثانی شدہ شیڈول کے مطابق ریہرسل بروز سوموار 16 فروری 2026 جبکہ کانووکیشن پروگرام بروز منگل 17 فروری 2026 کو منعقد ہوگا۔
کانووکیشن میں ایم اے، ایم ایس سی، بی ایس (آنرز)، بی ایس سی انجینئرنگ، فارمیسی کے سیشن 2021 تا 2023، جبکہ دیگر پروگرامز جن میں 2018 تا 2023، 2019 تا 2024، 2020 تا 2024 اور 2022 تا 2024 کے سیشن شامل ہیں، اپنی ڈگریاں مکمل کی ہوں۔
اس کے علاوہ سالانہ امتحان 2023 اور سالانہ امتحان 2024 کے کامیاب امیدوار بھی کانووکیشن میں شامل ہوں گے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے مطابق اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور کانووکیشن سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ تقریب کو خوش اسلوبی سے منعقد کیا جا سکے۔




















